Jan ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۲:۲۲ Asia/Tehran
  • ایران: یمن کے خلاف امریکی اور برطانوی جارحیت کی سخت مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے یمن کے خلاف امریکا اور برطانیہ کی جارحیت کی سخت مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے یمن کے مختلف علاقوں پر امریکہ اور برطانیہ کے جارحانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے فلسطینی قوم کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جنگی جرائم پر امریکہ اور برطانیہ کی جاری حمایت کے دائرے میں انجام پائے ہیں۔
ناصر کنعانی نے امریکہ اور برطانیہ کے جارحانہ حملوں کو خود پسندانہ اور یمن کے قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت نیز بین الاقوامی قوانین و اصول کے منافی قرار دیا۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یمن کے خلاف اس وحشیانہ جارحیت کا ارتکاب، فلسطینی عوام کے خلاف گذشتہ تین ماہ سے زائد عرصے سے غاصب صیہونی حکومت کے جاری جنگی جرائم اور وحشیانہ جارحیت کی امریکہ و برطانیہ کی جانب سے جاری حمایت کے سلسلے میں انجام پائے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس قسم کی جارحیت سے علاقے میں صرف بدامنی اور عدم استحکام ہی بڑھے گا۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایسے میں جبکہ غاصب صیہونی حکومت فلسطین میں غزہ اور غرب اردن کے علاقوں میں وحشیانہ جرائم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے امریکہ اور برطانیہ اس کوشش میں ہیں کہ صیہونی حکومت کی حمایت کا دائرہ وسیع کر کے فلسطین اور فلسطینیوں کے خلاف صیہونیوں کے جرائم کی پردہ پوشی کریں اور ان جرائم سے عالمی رائے عامہ کی توجہ ہٹائیں۔ ناصر کنعانی نے علاقے اور عالمی سطح پر اس قسم کے حملوں کے خطرناک نتائج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے جارحانہ اقدامات پر ردعمل کا اظہار اور جنگ کا دائرہ وسیع کئے جانے سے علاقے کے امن و استحکام پر مرتب ہونے والے نتائج کو روکے۔

ٹیگس