صدر ایران سے ہندوستانی وزیر خارجہ کی ملاقات، غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور (ویڈیو)
صدر ایران ڈاکٹرسید ابراہیم رئیسی نے ہندوستانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں تاکید کی ہے کہ ہندوستان غزہ کی جنگ بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
سحرنیوز/ایران: ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کی شام تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔ صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے اس ملاقات میں چابہار بندرگاہ کی توسیع کے معاہدے سمیت دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے سمجھوتوں پر عمل درآمد میں تاخیر کی تلافی اور تیز رفتار عمل درآمد کی پیروی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کو جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا اور کہا کہ غزہ پر حملوں کا بند ہونا، صیہونی حکومت کو اس کے کئے کی سزا دینا اور فلسطینی عوام کے حقوق کی بحالی اس علاقے میں امن و ثبات کی بحالی کی واحد راہ ہے۔صدر ایران نے کہا کہ ہندوستان غزہ پر بمباریاں بند کرانے، محاصرہ ختم کرانے اور مظلوم فلسطینیوں کے حقوق کی بحالی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اس ملاقات میں سانحہ کرمان پر ایران کی حکومت اور عوام کو تعزیت پیش کی اور علاقے کے ملکوں کے ساتھ روابط کے فروغ خاص طور پر ہندوستان کے ساتھ روابط میں توسیع کے لئے صدر ایران کی مساعی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسی کے ساتھ جنگ غزہ کے حوالے سے ایران کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی جنگ فوری طور پر بند اور فلسطینی عوام کے لئے امداد رسانی شروع ہونی چاہیے۔