Feb ۱۳, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۷ Asia/Tehran
  • رفح پر صیہونی حملوں کی مذمت کرتے ہیں، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان

اسلامی جمہوریہ ایران نے رفح کے رہائشی علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے رفح میں لاکھوں کی تعداد میں فلسطینی پناہ گزینوں کی موجودگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفح کے خلاف وحشیانہ صیہونی حملے نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کے لئے ایک دردناک ترین انسانی المیہ جنم لینے کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رفح پر صیہونی جارحیت کے نتیجے میں نہ صرف یہ کہ جنگ بندی کے بارے میں مذاکرات کا عمل متاثر ہوگا بلکہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے اور بین الاقوامی قوانین نیز عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہو رہی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ رفح کے خلاف صیہونی جارحیت اس حقیقت کی نشاندہی کرتی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت عالمی اداروں اور بین الاقوامی قوانین کو کوئی اہمیت نہیں دیتی۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس قسم کے وحشیانہ حملوں کے نتائج پر سخت خبردار اور صیہونی حکومت کے ہاتھوں جاری نسل کشی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور مغربی ممالک اگر علاقے کے امن و استحکام کے سلسلے میں واقعی سنجیدہ ہیں اور غزہ میں جنم لینے والے المیے پر انہيں حقیقی تشویش ہے تو انہیں صیہونی حکام کے جنون کو کنٹرول کرنا ہوگا اور غزہ کے عام شہریوں کا قتل عام روکنا ہوگا۔

ٹیگس