Feb ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۱:۵۱ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیر خارجہ اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کی ٹیلی فونی گفتگو، اوآئی سی کا ہنگامی اجلاس  بلانے پر ایران کا زور

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اسلامی تعاون کی تنظیم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کا ذکر کرتے ہوئے، اسلامی تعاون تنظیم کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ کے خلاف صیہونی فوج کے جرائم بالخصوص رفح پر غاصب اسرائیل کے تازہ ترین حملوں اور غزہ میں انسان دوستانہ امداد کی ابتر صورتحال اور اسی طرح اس سلسلے میں اسلامی تعاون تنظیم کے اقدامات کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔ ایرانی وزیرخارجہ امیرعبداللہیان نے اسلامی تعاون تنظیم کی وزراء کونسل کے اجلاس کو ساڑھے چار مہینے کا عرصہ گذر جانے کا ذکر کرتے ہوئے غزہ اور بالخصوص رفح کی ابتر صورتحال کا جائزہ لینے اور غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کے خلاف ٹھوس قدم اٹھائے جانے کے مقصدسے او آئی سی کی وزراء کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
او آئی سی کے سکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ کے خلاف صیہونی حکومت کے حملے جاری رہنے کی مذمت کی اور ان حملوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اس سلسلے میں اسلامی تعاون تنظيم کی سرگرمیوں اور اقدامات کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی اور ساتھ ہی انہوں نے وزراء کی کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد کرنے کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔

ٹیگس