Jul ۱۶, ۲۰۲۴ ۰۹:۵۵ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ میں فلسطینی قوم کے حق کا دفاع، ایران کے نگراں وزیر خارجہ علی باقری کنی

ایران کے نگراں وزیر خارجہ علی باقری کنی نے اپنے دو روزہ دورۂ امریکہ کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطینی قوم کے حق اور موقف کا دفاع اور غاصب صیہونی حکومت کے جرائم بیان کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق نگراں وزیر خارجہ علی باقری کنی نے نیویارک پہنچنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ وہ آئندہ دو دن میں سلامتی کونسل کے دو اہم اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔انھوں نے بتایا کہ پہلا اجلاس منگل کو کثیر جہتی نظام کے بارے میں ہوگا اور دوسرا اجلاس بدھ کو فلسطین کے موضوع پر ہوگا۔
علی باقری کنی نے کہا کہ فلسطین کے موضوع پر ہونے والا اجلاس اس لحاظ سے کافی اہمیت رکھتا ہے کہ نو مہینے سے غاصب صیہونی حکومت فلسطینی عوام کی کھلےعام نسل کشی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ سیاسی، قانونی اور سفارتکاری کے میدانوں میں فلسطین کے حوالے سے فعال کردار ادا کیا ہے۔
ایران کے نگراں وزیر خارجہ نے فلسطین کے حوالے سے شہید وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی خدمات کو بھی یاد کیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا  کہ امریکا کے خودسرانہ یک قطبی نظام میں عالمی امن و استحکام قائم نہیں ہوسکتا  اور اس کی تازہ مثال غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملے، اس کے جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم ہیں جنہیں روکنے میں امریکا سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

ٹیگس