Sep ۰۳, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران اور آئرلینڈ کے وزرائے خارجہ کی ٹیلی فونی گفتگو

اسلامی جمہوریہ ایران اور آئرلینڈ کے وزرائے خارجہ نے ٹیلیفون پر اہم ترین علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

سحرنیوز/ایران: آئرلینڈ کے وزیرخارجہ نے اپنے نئے ایرانی ہم منصب کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں غزہ کے حالات اور مشرق وسطی بالخصوص لبنان تک کشیدگی پھیل جانے پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ غزہ کے عوام تک امداد رسانی کے لئے حالات کو سازگار بنانا ضروری ہے۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران کے وزیر خارجہ سیدعباس عراقچی نے مغربی ایشیا کے حالات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیے۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہر اس سمجھوتے کی حمایت کرے گا جو حماس اور فلسطینی عوام کو منظور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے میں کشیدگی کا خاتمہ چاہتا ہے لیکن صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نتن یاہو نے جنگ اور وحشیانہ تشدد کا دائرہ غرب اردن تک پھیلا دیا ہے۔
ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ صیہونی حکومت کو فوری طور پر جنگ اور تشدد روکنے پرمجبورکیا جانا ضروری ہے۔ ایران اور آئرلینڈ کے وزرائے خارجہ نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں باہمی دلچسپی کے دیگر مسائل منجملہ پابندیوں کے خاتمے نیز یوکرین جنگ کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا اور سیاسی مشاورتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پراتفاق کیا۔

ٹیگس