ایران اور یمن کے وزرائے خارجہ کی ٹیلی فونی گفتگو
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب بہت سے ممالک صیہونی حکومت کے خلاف صرف موقف کے اعلان پر اکتفا کر رہے ہیں، یمنی حکومت اور عوام، مظلوم فلسطینی عوام کا دفاع کر رہے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے یمن کے وزیر خارجہ جمال عامر کے ساتھ باہمی روابط اور علاقائی حالات پر ٹیلی فونی بات چیت کی۔ اس گفتگو میں یمن کے وزیر خارجہ نے یمن پر امریکا اور برطانیہ کے حملوں اور علاقے میں لڑائی کی شدت کی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت میں یمن کا موقف ہرگز تبدیل نہیں ہوگا۔ جمال عامر نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران اور یمن کے درمیان گزشتہ سمجھوتوں اور دستاویزات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی شعبے سمیت سبھی میدانوں میں تعاون میں توسیع آئے گی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے یمنی ہم منصب کے ٹیلی فون اور مبارکباد کا شکریہ ادا کیا اور جمال عامر کو یمن کا وزیر خارجہ بننے پر مبارکباد پیش کی۔
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جنگ اور جنگی جرائم کے حوالے سے یمن کی حکومت اور قوم کے موقف کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے ممالک صیہونی حکومت کے خلاف صرف زبانی موقف پر اکتفا کررہے ہیں لیکن یمن کی حکومت اور عوام فلسطینی قوم کی مظلومیت کا دفاع کررہے ہیں۔ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے یمنی ہم منصب کو باہمی روابط اور علاقائی حالات پر گفتگو اور تبادلہ خیال کے لئے تہران کے دورے کی دعوت بھی دی۔