صدر ایران سے منسوب بعض اقوال کی سختی کےساتھ تردید، ایرانی وزیرخارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے بعض ذرائع ابلاغ کی جانب سے صدر ایران سے منسوب بیان کی سختی سے تردید کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ صدر ایران نے امریکی ذرائع ابلاغ کے سربراہوں کے ساتھ نشست میں غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے جرائم اور لبنان پر اس کے حملوں کی مذمت کی ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے بعض ذرائع ابلاغ کے اس دعوے کو سختی کے ساتھ مسترد کیا ہے کہ ایران، اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صدر پزشکیان نے ایسی کوئی بات نہیں کہی ہے۔ سید عباس عراقچی نے کہا کہ جو کچھ کہا گیا ہے اس کے برعکس صدر ایران ڈاکٹر پزشکیان نے بعض امریکی ذرائع ابلاغ کے سربراہوں کے ساتھ نشست میں، غزہ ميں صیہونی حکومت کے جرائم اور لبنان پر اس کے حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ جرائم کسی بھی انسانی اور بین الاقوامی معیار سے مطابقت نہیں رکھتے۔
عباس عراقچی نے بتایا کہ صدر ایران نے اسی طرح صراحت کے ساتھ کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے جرائم منجملہ تہران میں شہید ہنیہ پر دہشت گردانہ حملہ، بغیر جواب کے نہیں رہے گا اور مناسب وقت پر یہ جواب دیا جائے گا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، لبنان پر حالیہ صیہونی جارحیت پر خاموش اور لا تعلق نہیں رہے گا اور لبنان کا ہمہ گیر دفاع اور حمایت کرے گا۔