ذلت آمیز طریقے سے جنگ بندی قبول کرنے پر مجبور ہوئی غاصب صیہونی حکومت: جنرل قاآنی
قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاآنی نے غزہ میں جنگ بندی کو صیہونی حکومت کی سب سے بڑی شکست قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: موصولہ اطلاعات کے مطابق، اتوار کو تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاآنی کا کہنا تھا کہ جلاد صفت صیہونی حکومت لبنان اور فلسطین کے مظلوم عوام کے خلاف پندرہ ماہ تک جرائم کے ارتکاب کے بعد آج ذلت آمیز طریقے سے جنگ بندی قبول کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔ جنرل قاآنی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ صیہونی حکومت نے بار بار جنگ بندی کے معاملات میں خلل ڈالنے کی کوشش کی لیکن اسے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوا۔
سپاہ قدس کے کمانڈر نے کہا کہ استقامتی محاذ نے صیہونی حکومت پر جنگ بندی مسلط کردی ہے اور اسے حماس کی شرائط قبول کرنا پڑی ہیں۔ جنرل قاآنی نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت کو وہی شرائط ماننا پڑیں جو ہمارے فلسطینی بھائیوں نے پہلے دن سے مقرر کر رکھی تھیں اور آج خدا کے فضل سے صیہونی حکومت کی تاریخ کی سب سے بڑی شکست دنیا کے سامنے عیاں ہوگئي ہے۔'