ہندوستانی وزیر خارجہ سے عراقچی کی ملاقات، کئی اہم موضوع پر ہوئی بات چیت
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے جو آٹھویں انڈین اوشین رم کانفرنس " آئی او آر اے " میں شرکت کے لیے مسقط کے دورے پرہيں ، ہندوستانی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے ملاقات اور بات چیت کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اس کانفرنس میں شرکت پر اپنی مسرت کا اظہار کیا کہ جس کی میزبانی ہندوستان اور عمان کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس بحر ہند کے خطے کے ممالک کے درمیان شراکت داری اور تعاون کو فروغ دینے کے اپنے مقاصد کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔

اسلامی جمہوریہ ایران اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ نے مختلف سیاسی، ثقافتی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ہندوستانی وزیر خارجہ نے اس حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ ایکس پر ایک پیغام میں لکھا کہ " آج شام میری ایرانی وزیر خارجہ سے اچھی ملاقات ہوئی"۔ ہم نے دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر بات کی۔