برطانیہ اور جرمنی کے اقدام کی مذمت، انسانی حقوق کونسل سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے انسانی حقوق کونسل میں، ایران کے خلاف قرار داد پیش کرنے کے برطانیہ اور جرمنی کے اقدام کی مذمت کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نےقرار داد پیش کرنے والے ملکوں کی بد نیتی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرار داد میں کئے جانے والے دعوے حقائق کے منافی ہیں اور اس قرار داد کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ مغربی ملکوں، بالخصوص برطانیہ اور جرمنی کی جانب سے اپنے سیاسی نظریات مسلط کرنے کے لئے ایران کے خلاف انسانی حقوق کونسل سے ناجائز فائدہ اٹھانے سے اس کونسل کی پوزیشن اوراعتبار مخدوش ہورہا ہے اور انسانی حقوق کے تعلق سے ملکوں کے درمیان تعاون میں خلل واقع ہورہا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان نے برطانیہ، جرمنی اور ایران مخالف قرار داد تیار کرنے والے دیگر مغربی ملکوں کو نصیحت کی کہ ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اظہار تشویش میں اپنی صداقت کو ثابت کریں اور ایرانی عوام کے خلاف امریکا کی غیر قانونی اور غیر انسانی پابندیوں کی پیروی سے پرہیز کریں کیونکہ یہ پابندیاں انسانیت کے خلاف جرائم کی واضح مصداق ہیں۔