ایرانی وزیر خارجہ ایران امریکہ بالواسطہ مذاکرات کے لئے روم پہنچ گئے
Apr ۱۹, ۲۰۲۵ ۱۰:۲۸ Asia/Tehran
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی امریکہ کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے لیے ایک وفد کو ساتھ لے کر اٹلی کے دارالحکومت روم پہنچ چکے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: سید عباس عراقچی امریکہ کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کے لیے روم پہنچ گئے ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے مہرآباد ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا دوسرا دور آج روم میں ہوگا۔ ان مذاکرات کی صدارت ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور مغربی ایشیا کے لیے امریکی صدر کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکاف کریں گے۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ آج کے بالواسطہ مذاکرات بھی عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی کی ثالثی میں ہوں گے اسماعیل بقائی نے مذاکرات کے لیے روم کے انتخاب کی وجہ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ روم کا انتخاب عمان کے وزیر خارجہ کی تجویز اور ایران اور امریکہ کے معاہدے کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور متعلقہ انتظامات عمان کی حکومت نے اٹلی کی حکومت کے ساتھ مل کر کیے ہیں۔