اسرائیل اور امریکہ کو جارح قرار دیا جائے؛ ایران کا مطالبہ
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امریکہ اور اسرائیل کو ایران کے خلاف حملے کا ذمہ دار قرار دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔
سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوری ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کی صدر کو ایک باضابطہ خط ارسال کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کو ایران کے خلاف حملے کا ذمہ دار قرار دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ان دونوں مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزیوں کی بنا پر انہیں مکمل نقصانات کی تلافی کا پابند بنایا جائے۔
ایرانی نمائندے نے امریکہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے چارٹر کی شق 51 کے حوالے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ شق ایران کی پرامن جوہری تنصیبات پر ایک منظم اور بلا جواز فوجی حملے کو قانونی رنگ دینے کی ناکام کوشش ہے۔ امیر سعید ایروانی نے کہا کہ ایران ایک بار پھر سلامتی کونسل اور سیکریٹری جنرل سے پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی قومی خودمختاری، ارضی سالمیت اور پرامن جوہری تنصیبات کے خلاف جارحیت کو واضح اور دو ٹوک انداز میں اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قوانین، اور آئی اے ای اے کے بنیادی اصولوں اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دے کر شدید مذمت کریں۔