ایران کے یورینيم کی افزودگی کے حق پر مذاکرات کا سوال نہیں اٹھتا: عراقچی
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جمعہ کے روز استنبول میں ایران اور یورپی ٹرائیکا کے مذاکرات کے بارے میں بتایا کہ یہ نشست ایران کے اٹل موقف سے یورپ کو مطلع کرنے کے لیے کی منعقد ہوگی۔
سحرنیوز/ایران: سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اپنے ایٹمی پروگرام کو ایک معقول اور منطقی انداز میں آگے بڑھائے گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران نے بعض ممالک کی تشویش کو دور کرنے کی ہرممکنہ کوشش کی ہے البتہ اسلامی جمہوریہ ایران کا مطالبہ ہے کہ پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی کے استعمال من جملہ یورینیم کی افزودگی پر مبنی ایران کے حق کا لحاظ رکھا جائے۔
انہوں نے زور دیکر کہا کہ بارہ روزہ جنگ کے بعد، ضرورت اس بات کی تھی کہ یورپی فریق کو سمجھا دیا جائے کہ اسلامی جمہوریہ ایران بدستور اپنے مستحکم موقف پر قائم ہے اور یورینیم کی افزودگی کا سلسلہ ہر حال میں ملک کے اندر جاری رہے گا۔ وزیر خارجہ نے زور دیکر کہا کہ ایرانی عوام کے اس حق سے دستبردار ہونے کا سوال نہیں اٹھتا۔
انہوں نے کہا کہ 25 جولائی بروز جمعہ استنبول میں ایران اور یورپی ٹرائیکا کے مابین مذاکرات ہوں گے جو گزشتہ مذاکرات کا تسلسل ہے۔ سید عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کا موقف واضح اور اٹل ہے۔