غاصب اسرائیلی حکومت کو لبنان کی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی بنا پر سزا ملنی چاہئے: ایرانی وزارت خارجہ
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے لبنان پر غاصب صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب اسرائیلی حکومت کو لبنان کی جنگ بندی کی خلاف ورزی کئے جانے کی بنا پر سزا ملنی چاہئے۔
سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جمعرات کے روز لبنان کے بقاع اورجنوبی علاقوں پر ہونے والے غاصب صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کی اور غاصب اسرائیلی حکومت کو سزا دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ لبنان کے جنوبی علاقوں پر صیہونی حکومت کی بمباری کے نتیجے میں متعدد اسکولی طلبا شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران، لبنانی عوام اور شہیدوں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتا ہے اور ساتھ ساتھ اس دہشت گردانہ حملے کا ارتکاب کرنے والے غاصب صیہونی حکام کو سزا دیئے جانے کا مطالبہ کرتا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ صیہونی حکومت کو سزا نہ ملنے کی جانب سے جو اطمینان حاصل ہے اسی کے نتیجے میں وہ لبنان کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلیٰ کو نشانہ بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے کہ صیہونی حکومت کے جرائم اور اس ناجائز حکومت کے ذریعہ قانون کی مسلسل خلاف ورزی کئے جانے کے خلاف کارروائی کرے۔