ایران میں دہشت گردوں کے خلاف غم و غصہ، سڑکوں پر پر جوش وطن پرست شہریوں کا سیلاب، دہشت گردوں اور ان کے حامیوں پر سکتہ طاری
آج پورے ایران میں "قومی یک جہتی اور امن و دوستی کی تکریم" کے زیر عنوان ریلیاں اور جلوس نکالے گئے جن میں دسیوں لاکھ ایرانیوں نے حصہ لے کر ماضی کے کئی ریکارڈ توڑ دیئے ۔
سحرنیوز/ایران: ملت ایران، دشمن کے آلۂ کاروں کے ہاتھوں بلووں ، دہشت گردانہ کارروائیوں ، ٹارگٹ کلنگ ، عام لوگوں اور ان کی املاک کو نقصان پہنچانے ، سرکاری املاک و اسپتالوں کو نذرآتش کرنے اور مسجدوں و قرآن کریم کو جلانے اور ان کی اہانت کے خلاف آج صبح سے ہی ملک کے مختلف شہروں کی سڑکوں پر نکل آئی اور چند روز قبل امریکہ و صیہونی حکومت کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ہاتھوں انجام دیئے جانے والے ان دہشت گردانہ و مجرمانہ اقدامات کی سخت مذمت کی اور ان سے اپنی نفرت و بیزاری کا اعلان کیا ۔

ان عوامی ریلیوں میں، جنہیں دہشت گردانہ کارروائیوں کی مذمت میں ایرانیوں کی یکجہتی کا نام دیا گیا ہے، خاص طور سے بوشہر، خراسان رضوی، مغربی آذربائیجان، اصفہان، چہارمحل و بختیاری، گیلان، جنوبی خراسان، سیستان و بلوچستان، بندر عباس، کردستان، جزیرہ قشم، کاشان، قم اور تہران میں زبردست جوش و خروش نظر آیا۔

ملک کے تمام مسائل کے باوجود ایران کے با بصیرت اور باشعور عوام نے بارہ روزہ جنگ میں یہ ثابت کر دیا کہ وہ کسی بھی بیرونی جارحیت کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور رکاوٹوں کو دور کر سکتے ہیں اور اس بار پورے ملک میں اجتماعی موجودگی کے ساتھ ایران کے نظریات پر مضبوطی سے کھڑے ہیں اور ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

عالمی سامراج بالخصوص امریکہ و صیہونی حکومت سے نفرت و بیزاری اور قومی یکجہتی کے اعلان کے لئے یہ ریلیاں ایسی حالت میں نکالی گئی ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی کابینہ نے قومی استقامت کے شہدا کے احترام میں تین روز کے عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔

دارالحکومت تہران میں صیہونی امریکی دہشت گردوں کے خلاف قومی یکجہتی کے زیرعنوان سب سے بڑی ریلی اور اجتماع انقلاب اسکوائر پر ہوا جس میں صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان ، پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد قالیباف ، عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی اژہ ای ، نائب صدر محمد رضا عارف ، اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی، کابینی وزرا ، ممبران پارلیمنٹ اور سیاسی ، ثقافتی و سماجی شخصیات نے شرکت کی اور امریکہ و صیہونی حکومت کے حمایت یافتہ دہشت گردوں اور ان کی دہشت گردانہ کارروائیوں کی مذمت کی ۔

ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
صیہونی حکومت اور امریکہ کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کی مذمت اور قومی یکجہتی کے اعلان کے لئےملک کے مختلف علاقوں سے نکالی جانے والی ان ریلیوں اور اجتماعات میں ملک کی سلامتی کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہت سے شہدا کے جلوس جنازہ بھی نکالے گئے۔