یواے ای یمنیوں کے نشانے پر، امریکی جنگی بیڑے اور جنگی طیارے مدد کے لئے دوڑ پڑے
امریکا کے وزیر دفاع نے اعلان کیا ہے کہ یمن کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے واشنگٹن، ابو ظہبی میں میزائل ڈسٹرائر اور جنگی طیاروں کو تعینات کرے گا۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے وزیر دفاع لویڈ آسٹین نے ابو ظہبی کے ولیعہد محمد بن زاید سے ٹیلیفونی گفتگو میں یمنیوں کے متحدہ عرب امارات پر حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے امارات کے اس عہدیدار سے مدد کا وعدہ کیا۔
امریکی وزارت دفاع پینٹاگن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں فریق نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں یمنی فوج اور رضاکار فورس کے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
پینٹاگن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے وزیر دفاع لویڈ آسٹین اور ابو ظہبی کے ولیعہد محمد بن زاید نے متحدہ عرب امارات پر یمنیوں کے حملوں جس میں عام شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں اور اسی طرح الظفرہ چھاونی میں تعینات امریکی اور اماراتی فوجیوں کی جان کے لئے پیدا ہونے والے خطرے کے بارے میں گفتگو کی۔
اس گفتگو میں امریکی وزیر دفاع نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے امریکا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اسٹراٹیجک تعاون کے بارے میں اپنے وعدے پر عمل کی تاکید کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آسٹین اور بن زاید نے اس ملاقات میں متحدہ عرب امارات کی حمایت کے لئے امریکی وزارت دفاع کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حفاظت کے لئے امریکی وزارت دفاع کی جانب سے کی جانے والی کاروائیوں میں فرسٹ وارننگ، ائیرڈیفنس سسٹم میں تعاون، امریکی بحریہ کے ڈسٹرائر یو ایس ایس کول کی تعیناتی جس میں گائیڈڈ میزائلیں نصب ہیں، سمیت متعدد موضوعات پر گفتگو کی۔