پاکستانی وزیر نے ایران کے مپنا انڈسٹریئل گروپ کو حیرت انگیز بتایا
پاکستان کے وزیر توانائی نے ایران کے معروف اور عظیم صنعتی گروپ مپنا کا معائنہ کرنے کے بعد اُسے حیرت انگیز بتایا۔
ایران کے دورے پر آئے پاکستان کے وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے تہران میں تعینات پاکستان کے سفیر اور اپنی وزارت کے دیگر اعلیٰ عہدے داروں کے ہمراہ تہران میں واقع مپنا انڈسٹریئل گروپ کا معاینہ کیا اور اس گروپ کی تکنیکی، صنعتی اور پیداواری صلاحیتوں کو قریب سے دیکھا۔
ایران کا مپنا انڈسٹریئل گروپ پیشرفتہ صنعتی مصنوعات کے لئے ملکی و عالمی سطح پر جانا پہچانا نام ہے جو صنعت کے مختلف شعبوں میں ملکی ضرورت کو کافی حد تک پورا کرنے کے علاوہ بیرون ملک بھی اپنی مصنوعات برآمد بھی کرتا ہے۔ اس صنعتی گروپ میں گیس اور اسٹیم سے چلنے والی مختلف قسم کی ٹربائن، ونڈ ٹربائن، ان سے جڑے دیگر وسائل و آلات، بڑے صنعتی بوائلر، انواع و اقسام کے جنریٹر، مسافر اور مال بردار ٹرینوں کے انجن سمیت متعدد صنعتی مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔
مپنا انڈسٹریئل گروپ کے معائنہ کے موقع پر سی ای او عباس علی آبادی نے ایران و پاکستان کے آپسی رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا پاکستان کو توانائی کے شعبے میں درکار ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اپنی کمپنی کی آمادگی کا اعلان کیا۔
پاکستان کے وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے بھی مپنا کا معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ اس انڈسٹریئل گروپ نے انہیں بہت متاثر کیا ہے اور اس معائنے کے بعد اب دونوں ممالک کے مابین توانائی کے شعبے میں مشترکہ تعاون کے لئے بہت سے نئے باب کھلیں گے۔
انہوں نے مپنا انڈسٹریئل گروپ کی طرف سے پاکستان کے تعاون کی تجویز کا بھی خیرمقدم کیا۔