Aug ۱۴, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۴ Asia/Tehran
  • مقبوضہ بیت المقدس میں فائرنگ، سات صیہونی فوجی زخمی

مقبوضہ فلسطین کے بیت المقدس شہر میں فائرنگ کے دو واقعات پیش آئے جن میں کم از کم سات صیہونی فوجی زخمی ہو گئے۔

غاصب صیہونی حکومت اپنے ناجائز توسیع پسندانہ مقاصد کے حصول کے لئے مستقل بنیادوں پر فلسطینی عوام کے حقوق کو مختلف شکلوں میں پامال کرتی ہے۔

بے بنیاد الزامات کے تحت فلسطینیوں کی گرفتاری، ان کا قتل اور ان کے مکانات کی مسماری مقبوضہ فلسطین میں صیہونی فوجیوں کے روز کے معمولات میں شامل ہے۔

شہاب نیوز کے مطابق فلسطین کی استقامتی تنظیموں سے وابستہ مجاہدوں نے غاصب صیہونی فوجیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جن میں کم از کم سات صیہونی زخمی ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ زخمیوں میں تین کی حالت خراب ہے۔

صیہونی حکومت کے چینل 7 نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے فائرنگ کے ایک ساتھ دو واقعات بیت المقدس کی البراق دیوار کے قریب پیش آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فائرنگ کرنے والے فلسطینی جوان جائے واردات سے فرار میں کامیاب رہے۔

ان واقعات کے بعد صیہونیوں میں کھبلی مچ گئی اور پولیس نے علاقے میں ہائی الرٹ جاری کر دیا۔

قطر کے الجزیرہ چینل نے اس بارے میں رپورٹ دی ہے کہ فائرنگ کے واقعات کے بعد دیوار براق کے پاس موجود لوگوں کو صیہونی پولیس نے باہر نہیں نکلنے دیا کیوں کہ اُسے خدشہ ہے کہ کہیں دوبارہ اُن پر فائرنگ نہ ہو جائے۔

المیادین چینل کے مطابق صیہونی پولیس کی کم از کم چالیس گاڑیاں فائرنگ کرنے والے فلسطینی جوانوں کو تلاش کرنے کے مقصد سے جنین کیمپ پر حملہ آور ہوئی ہیں۔

ٹیگس