مسجد الاقصیٰ کی بے حرمتی کی بابت حماس کا سخت انتباہ
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے مسجد الاقصیٰ پر صیہونی انتہا پسندوں کی یلغار اور قبلۂ اول کی بے حرمتی کے نتائج کی بابت سخت انتباہ دیا ہے۔
فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے قدس کے امور کے سربراہ ہارون ناصر الدین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصیٰ پر غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں اور صیہونی انتہا پسندوں کی جارحیت کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔
حماس کے رہنما ہارون ناصر الدین نے سخت متنبہ کیا ہے کہ صیہونی انتہا پسندوں کی جانب سے مسجد الاقصیٰ کو مسلسل جارحیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور یہ ایک ایسا خطرناک اقدام ہے کہ جس کے نتائج کی ساری ذمہ داری غاصب صیہونی حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونیوں نے مسجد الاقصیٰ کے خلاف اشتعال انگیزی تیز کر کے اس مقدس مقام کی بے حرمتی اور اسے جارحیت کا نشانہ بنانے کا عمل مزید تیز کر دیا ہے۔
ناصر الدین نے کہا کہ فلسطینی مجاہدین مسلمانوں کے قبلۂ اول کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کا کوئی منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور فلسطینیوں کی استقامت و مزاحمت صیہونی دشمنوں کو ناکوں چنے چبوانے مجبور کر دے گی۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت مسجد الاقصی کا اسلامی تشخص ختم کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے جبکہ فلسطینی نوجوانوں کی استقامت و مزاحمت کی بنا پر اس سلسلے میں اس کی اب تک کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ فلسطینی گروہوں نے تمام فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد الاقصیٰ میں اپنی موجودگی مسلسل بڑھاتے رہیں تاکہ غاصب صیہونی حکومت کا کوئی بھی منصوبہ کامیاب نہ ہو سکے۔