Jan ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۳:۱۳ Asia/Tehran
  • حزب اللہ سے خائف صیہونی فوجی کمانڈر کی لبنان کو گیڈر بھپکی

غاصب صیہونی ریاست کے ریٹائر ہونے والے چیف آف دی اسٹاف نے اپنی نوکری ختم ہونے کے آخری دنوں میں ایک بار پھر حزب اللہ کے ڈر سے لبنان کو 50 سال پیچھے ماضی میں دھکیلنے کی دھمکی دی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوج کے چیف آف دی اسٹاف ابھی تک حزب اللہ کے خوف سے باہر نہیں آ سکے ہیں، کوخاوی جو اپنی مدت ملازمت کے آخری ایام گزار رہے ہیں، نے عبری زبان کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر لبنان کو دھمکی دی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ حزب اللہ سے ہونے والی کسی بھی نئی جنگ کی صورت میں وہ لبنان کو 50 سال پیچھے دھکیل دیں گے۔ کوخاوی کا انٹرویو ہفتے کے دن یروشلم اخبار میں شائع ہوا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ (بزعم خود) نہ صرف ایران کے اتحادیوں کو وسیع پیمانے پر نشانہ بنا سکتے ہیں بلکہ ایران کے انفراسٹرکچر کو بھی ہدف بنانے کی توانائی رکھتے ہیں۔

غاصب صیہونی فوج کے فرتوت چیف آف دی اسٹاف نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ لبنان پر ایسا حملہ کیا جائے گا جس کی لبنان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ہوگی۔

کوخاوی جو پیر کے دن ریٹائر ہو جائیں گے، نے صیہونی ٹی وی 14 سے انٹرویو کے دوران اعتراف کیا کہ غاصب اسرائیلی فوج کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے کیونکہ غاصب اسرائیل دشمنوں کے گھیرے میں ہے۔

واضح رہے کہ صیہونی فوجی کمانڈر کا ایسے میں یہ بیان سامنے آیا ہے کہ سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ صیہونی حکومت کے پاس حزب اللہ اور ایران تو کیا، فلسطین کے مزاحمتی گروہوں کی میزائل پاور کو روکنے تک کی طاقت نہیں ہے اور وہ اپنے تمام تر دعووں کے برخلاف اُسے روکنے یا محدود کرنے میں تاحال ناکام رہی ہے۔

دوسری جانب ایران بھی بارہا یہ واضح طور پر کہہ چکا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی حیثیت اتنی نہیں کہ اُسے ایک دشمن کے بطور خاطر میں لایا جائے تاہم اگر اُس نے کوئی حماقت کی تو اسلامی جمہوریہ ایران تل ابیب اور حیفا کو مٹی میں ملا دے گا۔

ٹیگس