ترکیہ شام زلزلہ، اموات کی تعداد 37 ہزار سے گزر گئی
ترکیہ اور شام میں آئے زلزلے میں اموات کی تعداد 37 ہزار کو پہنچ گئی ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: 6 فروری کو ترکیہ اور شام کے سرحدی علاقوں میں آئے سات اعشاریہ آٹھ ریکٹر اسکیل کے قیامت خیز زلزلے میں اموات کا میٹر بدستور تیزی سے گھوم رہا ہے اور جاں بحق ہونے والوں کی تعداد اب سینتیس ہزار تک پہنچ گئی ہیں۔ اے پی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ اور شام میں اب تک مجموعی طور پر کم از کم 37 ہزار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں.
بین الاقوامی ٹیموں کی مدد سے وسیع پیمانے پر جاری امدادی سرگرمیوں کے درمیان آج پھر یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ ترکیہ میں ایک بار اور زلزلہ آیا ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق ترکیہ میں مقامی وقت کے مطابق رات دس بج کر بیس منٹ پر ریکٹر اسکیل پر چار اعشاریہ آٹھ کی شدت کا ایک زلزلہ قہرمان ماراس صوبے کے گوکسون علاقے میں محسوس کیا گیا۔
گزشتہ دنوں زلزلے کے دو شدید جھٹکوں نے ترکیہ میں اب تک اکتیس ہزار سے زائد افراد کی جان لی ہے۔ ترکیہ سے موصول ہونے والی رپورٹوں کے مطابق زلزلوں کے بعد گزشتہ ہفتے اس ملک میں دوہزار چھے سو سے زائد آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کئے گئے۔
اُدھر شام میں بھی اموات کی تعداد چھے ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ پچپن لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ یہ ممالک ترکیہ کے برخلاف مغربی پابندیوں کے باعث امدادی ساز و سامان حاصل کرنے میں دشواریوں سے روبرو ہے۔
ترکیہ اور شام میں دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے امدادی ٹیمیں بھیجی گئی ہیں جن میں ایران، پاکستان، ہندوستان اور بعض مغربی و غیر مغربی ممالک شامل ہیں۔