Apr ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۰ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی پر دھاوے پر مختلف ملکوں اور علاقے کی مختلف شخصیات کا ردعمل

مسجد الاقصی میں روزے دار فلسطینی نمازیوں پر حملہ کئے جانے پر مختلف ملکوں اور علاقے کی اہم شخصیات نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اس جارحانہ اقدام کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ٹوئٹ کیا ہے جس میں مسجد الاقصی میں فلسطینیوں پر صیہونی جارحیت کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسجد الاقصی میں روزے دار نمازیوں اور اعتکاف کرنے والے فلسطینیوں پر صیہونی جارحیت نے ایک بار پھر پوری دنیا کے سامنے صیہونی حکومت کی وحشی گری کو برملا کر دیا ہے۔

یمن کی عوامی تحریک انصارللہ کے سیاسی دفتر نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ہم فلسطینی قوم کے خلاف صیہونی وحشیگری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

مصر کی وزارت خارجہ نے بھی مسجد الاقصی میں فلسطینیوں پر جارحیت فوری طور پر بند کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں مسجد الاقصی میں فلسطینی نمازیوں اور روزے داروں نیز اعتکاف پر بیٹھے فلسطینیوں پر کی جانے والی صیہونی جارحیت پر گہری تشویش لاحق ہے۔ ترکیہ کی حزب انصاف و ترقی نے بھی ماہ رمضان میں کئے جانے والے اس حملے کو وحشیانہ قرار دیتے ہوئے اس جارحیت کی مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ صیہونی فوجیوں نے مسجد الاقصی پر حملہ کر کے سو سے زائد اعتکاف کرنے والے روزے دار فلسطینی نمازیوں کو زخمی کر دیا۔

صیہونی پولیس نے بھی چار سو فلسطینیوں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ٹیگس