Apr ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۲:۳۰ Asia/Tehran
  • سوڈان سے سفارتکاروں اور غیر ملکیوں کو باہر نکالنے کا سلسلہ جاری

سوڈان کے دارالحکومت خرطوم اور مختلف علاقوں میں جاری جنگ کے نتیجے میں دنیا کے مختلف ملکوں منجملہ برطانیہ، جرمنی، جاپان اور مصر نے اپنے سفارتکاروں اور شہریوں کو وہاں سے باہر نکال لیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے ایک ٹوئٹ میں اعلان کیا ہے کہ سوڈان کے دارالحکومت خرطوم اور دیگر علاقوں میں جاری جنگ کے نتیجے میں برطانوی فوجیوں نے سفارتکاروں اور برطانوی شہریوں کو ان کے اہل خانہ کے ہمراہ سوڈان سے باہر نکال لیا ہے۔ 
جرمنی کی وزارت دفاع نے بھی اعلان کیا ہے کہ جرمن فوجی طیاروں نے خرطوم پہنچ کر اپنے ملک کے سفارتکاروں اور شہریوں کے ساتھ ساتھ بعض دیگر ملکوں کے سفارتکاروں اور شہریوں کو بھی سوڈان سے باہر نکالنا شروع کر دیا۔ 
کینیڈا کی حکومت نے سوڈان میں اپنی سفارتی سرگرمیاں بند کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کینیڈا کے نمائندہ دفاتر سوڈان سے باہر محفوظ علاقوں میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔
اٹلی نے بھی اعلان کیا ہے کہ سوڈان سے اٹلی اور سوئٹزرلینڈ کے سفارتکاروں اور شہریوں کو باہر نکالا جا رہا ہے۔
ناروے کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ سوڈان سے سفارتکاروں کو باہر نکالنا شروع کر دیا گیا اور سوڈان میں سوئٹزرلینڈ کا سفارت خانہ عارضی طور پر بند کیا جا رہا ہے۔
جاپان نے بھی اعلان کیا ہے کہ تین طیارے جیبوٹی پہنچ گئے ہیں اور سوڈان سے جاپانی شہریوں کو زمینی راستے سے باہر نکالا جائے گا۔
ہالینڈ کی وزارت خارجہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ خرطوم میں سفارت خانہ بند کر دیا گیا اور ڈیڑھ سو شہریوں کو ان کے اہل خانہ کے ہمراہ سوڈان سے باہر نکالا جا رہا ہے۔ 
مصر کی وزارت خارجہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ سوڈانی حکام سے ہم آہنگی کے ساتھ مصری شہریوں کو کہ جن کی تعداد کا ابھی پتہ نہیں ہے باہر نکالا جا رہا ہے اور محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ 
ٹیونس نے بھی اعلان کیا ہے کہ خرطوم میں مسلح جھڑپیں شروع ہونے کے بعد پیر سے سوڈان سے اپنے شہریوں کو باہر نکالنے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ 
اس سے قبل امریکہ اور فرانس نے اعلان کیا تھا کہ سوڈان سے اپنے شہریوں کو باہر نکالنے کا عمل جاری ہے۔ 
سوڈان کے دارالحکومت خرطوم سمیت مختلف علاقوں میں عبدالفتاح البرہان کے زیر کمان فوج اور محمد حمدان دقلو کے زیر کمان پیرا ملٹری فورس کے درمیان  شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 
سوڈان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ سوڈان میں جاری لڑائیوں میں ہلاکتوں میں تیزی کے ساتھ  اضافہ ہورہا ہے اور ساتھ ہی زخمیوں کی تعداد بھی بڑھکر تین ہزار سات سو تیس تک پہنچ گئی ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ پریس ذرائع نے عیدالفطر کی مناسبت سے  متحارب فریقوں کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا تھا تاہم جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری رہا اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کئے جانے کا الزام عائد کیا گیا۔ 

ٹیگس