Oct ۱۰, ۲۰۲۳ ۲۰:۳۴ Asia/Tehran
  • غزہ میں العالم چینل کے دفتر پر غاصب اسرائیل کا ہوائی حملہ

غاصب اسرائیلی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے غزہ میں العالم ٹی وی چینل کے دفتر پر حملہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: آئی آر آئی بی کی ایکسٹرنل سروس کے دفتر تعلقات عامہ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے غاصب صیہونی فوجیوں کے حملوں کی کوریج روکنے کی غرض سے آج منگل کو غزہ کے علاقے حی الرمال میں واقع العالم نیوز نیٹ ورک کے دفتر پر بمباری کی۔

اطلاعات کے مطابق اس حملے کے بعد غزہ میں العالم چینل کی سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہوگئیں تاہم خوش قسمتی سے اس حملے میں العالم چینل کے کسی بھی کارکن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔

صیہونیوں نے اپنی جارحیت جاری رکھتے ہوئے منگل کی صبح غزہ میں صحافیوں کی عمارت پر بمباری کی جس کے نتیجے میں تین صحافی شہید ہوگئے۔ صیہونی حکومت نے عمداً غزہ میں صحافیوں کی عمارت کو نشانہ بنایا تاکہ وہ اس شہر میں صیہونی فوجیوں کے جرائم کی کوریج کو روک سکے۔

قابل ذکر ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ہفتے کی صبح تل ابیب، اشدود اور عسقلان سمیت مقبوضہ علاقوں پر ہزاروں میزائلوں اور راکٹوں سے حملہ کیا تھا اور دونوں طرف سے جھڑپوں کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے، ان جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک ہزاروں صیہونیوں کو موت کے گھاٹ اتارا جا چکا ہے۔

اس درمیان غاصب صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے غزہ اور غرب اردن کے مختلف علاقوں پر کئی بار بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 788 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں عورتوں اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔

 

ٹیگس