غزہ کے شہدا کی تعداد بڑھ کر 7703 ہوگئی
فلسطین کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 7703 اور زخمیوں کی تعداد 19 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت نے آج ہفتے کی شام کو ایک بیان میں کہا کہ 7 اکتوبر کو طوفان الاقصیٰ کے آغاز کے بعد سے غزہ پٹی پر غاصب اسرائيلی حکومت کی فوج کی وحشیانہ بمباری میں اب تک 7703 مظلوم فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق فلسطینی شہیدوں میں 70 فی صد بچے، عورتیں اور بوڑھے افراد شامل ہیں۔
فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا کہ 7703 فلسطینی شہدا میں بچوں کی تعداد 3595 ہے اور صیہونی حکومت نے غزہ پٹی پر اپنی جارحیت کے آغاز سے اب تک 825 بار قتل عام کیا ہے۔ وزارت صحت نے بتایا کہ غاصب اسرائیلی حکومت کی جارح فوج نے صرف ایک دن میں جمعہ کو 53 بار قتل عام کیا ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ غزہ پٹی پر غاصب اسرائیلی جنگی طیاروں کی وحشیانہ بمباری میں اب تک 19734 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں بہت سے فلسطینی اب بھی ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ فلسطین کے استقامتی محاذ کے طوفان الاقصیٰ آپریشن کو شروع ہوئے آج 22 دن ہوگئے اور اس درمیان غزہ پٹی کے رہائشی علاقوں، اسکولوں اور طبی مراکز پر غاصب اسرائیلی حکومت نے وحشیانہ حملے شدید کر دیئے ہیں غزہ کے علاقے کو غاصب فوج نے شدید زمینی، سمندری اور فضائی حملوں کا نشانہ بنا رکھا ہے۔