Nov ۱۹, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۷ Asia/Tehran
  • اسماعیل ہنیہ: اسلامی سربراہی اجلاس کے فوری انعقاد کا مطالبہ

تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے عرب اور غیر عرب تمام اسلامی ممالک کے سربراہی اجلاس کے فوری انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: غاصب صیہونی فوج نے جبالیہ کیمپ میں واقع الفاخورہ اسکول پر بمباری کی ہے جہاں پر بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی تھی۔
اس وحشیانہ بمباری میں سینکڑوں فلسطینی بچے، عورتیں اور سن رسیدہ افراد شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔ اسماعیل ہنیہ نے الشفا ہسپتال سے مریضوں اور زخمیوں کے انخلاء اور الفاخورہ اسکول پر بمباری کے چند گھنٹے بعد ہی علاقائی اور بین الاقوامی رہنماؤں اور حکام سے ٹیلی فونی رابطہ کرکے فلسطینی قوم کے قتل عام کو روکنے کےلئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدام کا مطالبہ کیا۔
اسماعیل ہنیہ نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں ابھی حال ہی میں ریاض میں منعقدہ تمام اسلامی و عرب ممالک کے ہنگامی اجلاس کے نتائج کی تحقیقی کمیٹی کے اجلاس کے فوری انعقاد پر زور دیا اور غزہ پٹی کے خلاف جنگ اور اس علاقے کا محاصرہ ختم کئے جانے کے بارے میں اس اجلاس کے فیصلوں پر عمل در آمد کا مطالبہ کیا۔
حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے فلسطینی قوم کے خلاف جارحیت اور جنگ کے خاتمے نیز غزہ کے اسپتالوں کے تحفظ کے سلسلے میں حالیہ بین الاقوامی قراردادوں پر عمل درآمد کےلیے صیہونی حکومت کو پابند بنانے کی غرض سے فوری اقدام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ٹیگس