Nov ۲۷, ۲۰۲۳ ۲۱:۱۰ Asia/Tehran
  • غزہ جنگ بندی میں دو دن کی توسیع کردی گئی ہے

قطر کی وزارت خارجہ اور تحریک حماس نے اطلاع دی ہے کہ غزہ جنگ بندی میں دو دن کی توسیع کردی گئی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: خبر رساں ایجنسی فارس کی رپورٹ کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ چار روزہ جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے بعد مزید دو دن کے لئے اس جنگ بندی میں توسیع کردی گئی ہے۔

تحریک حماس نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصری اور قطری برادران کی ثالثی میں چار روزہ جنگ بندی معاہدے کی پہلی شرائط کے ساتھ  ہی عارضی جنگ بندی میں دو دن کی توسیع پر اتفاق ہوگیا ہے۔

قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے اس سے پہلے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ غزہ پٹی  کی جنگ بندی میں توسیع کی کوششیں جاری ہیں کہا تھا کہ جنگ بندی میں توسیع کا مقصد امداد غزہ پہنچانا اور قیدیوں کا تبادلہ ہے اور یہ کہ دونوں طرف سے جنگ بندی کے پیغامات ہمیں موصول ہوگئے ہیں۔

ماجد بن محمد الانصاری نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ یہ جنگ بندی فلسطینی استقامتی فورسز اور صیہونی حکومت کے درمیان مستقل جنگ بندی میں تبدیل ہوجائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے غزہ جنگ بندی میں ایک دن کی توسیع کی اطلاعات ملی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ بدھ کو تحریک حماس اور غاصب اسرائیلی حکومت کے درمیان چار روزہ عارضی جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا جس پر جمعہ کی صبح 7 بجے سے عمل درآمد شروع ہوا اور جنگ بندی کے دوران دونوں طرف سے قیدیوں کے تبادلے پر بھی اتفاق ہوا تھا۔

 

ٹیگس