اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی کیوں کہا؟
ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ترکی کے صدر نے بدھ کے روز کہا کہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کو تاریخ میں غزہ کے قصائی کے نام سے یاد کیا جائے گا۔
فارس نیوز کے مطابق، ترک صدر رجب طیب اردوغان نے بدھ کے روز ایک بیان میں صیہونی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے ۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کے تبصرے غزہ پٹی میں انسان دوستانہ وقفے کو مستقل جنگ بندی میں تبدیل کرنے کی امیدوں کو کمزور کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو نے خود ہی ایک ایسا لقب حاصل کیا ہے جو تاریخ میں لکھا جائے گا یعنی غزہ کا قصائی!
ترک صدر کا کہنا تھا کہ غزہ میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کو 7 اکتوبر سے تاریخ کے سب سے خوفناک حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے، غزہ کے لوگ خوراک، پانی، ادویات، ایندھن اور بجلی سے محروم ہیں۔
ترکیہ کے صدر نے کہا کہ غزہ پٹی 20 لاکھ سے زیادہ لوگوں کے ساتھ ایک کھلی جیل میں تبدیل ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ ہفتوں میں غزہ میں جو کچھ سامنے آیا ہے وہ نسل کشی ہے اور غزہ دنیا کی نظروں کے سامنے نسل کشی کا نمونہ ہے۔