اسرائیل اب اپنے ہی لوگوں کی لاشیں لینے کے لئے تیار نہیں، حماس
تحریک حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر حملے میں اپنے ہی لوگوں کو مارا اور اب ان کی لاشیں لینے کے تیار نہیں ہے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: میڈیا رپورٹوں کے مطابق فلسطین کی استقامتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ غزہ میں ہونے والی عارضی جنگ بندی کے دوران غاصب اسرائیل نے غزہ پر ہوئی بمباری میں ہلاک ہونے والے اپنے ہی تین افراد کی لاشیں لینے سے انکار کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق عارضی جنگ بندی کے دوران گزشتہ دنوں کی طرح آج جمعرات کو بھی تحریک حماس اور غاصب اسرائیل کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ ہوا لیکن اسرائیل نے اپنے ہی تین افراد کی لاشیں قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔ حماس نے کہا کہ یہ افراد بھی قیدیوں کی اسی فہرست میں شامل تھے جس پر فریقین کے درمیان اتفاق ہوا تھا۔
حماس نے کہا کہ یہ تین افراد 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل سے پکڑے گئے افراد میں شامل تھے لیکن عارضی جنگ بندی کے نفاذ سے چند روز پہلے ہی غزہ پر غاصب اسرائیلی حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ فلسطین کی استقامتی تحریک حماس اور غاصب اسرائیل کے درمیان 22 نومبر کو 4 روزہ عارضی جنگ بندی معاہدہ ہوا تھا اور اس پر 24 نومبر، جمعہ، کی صبح سے عمل شروع ہوا تھا۔ 4 دن کے بعد اس جنگ بندی میں مزید دو دن کی توسیع کی گئی جو کل ختم ہوگئی۔ اس کے بعد مزید ایک دن کی توسیع جنگ بندی میں ہوئی جو آج ختم ہورہی ہے۔