غزہ پر اسرائیلی حملوں کا دوبارہ آغاز
غزہ میں جنگ بندی ختم ہونے کے بعد صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے دوبارہ شروع ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ پٹی میں عارضی جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے بعد صیہونی حکومت کی جارحیت ایک بار پھر شروع ہوگئی اور صیہونی جارحیت میں شہید اور زخمی ہونے والوں کی تصاویر منظر عام پر آئی ہیں۔ غزہ پٹی پر صیہونی فوج کی بمباری اور غزہ کے شمالی علاقے میں فلسطینیوں کے گھروں پر حملے کے بعد بعض شہیدوں اور زخمیوں کو کمال عدوان ہسپتال منتقل کردیا گيا ہے۔ واضح رہے کہ تحریک حماس اور صیہونی حکومت کی فوج کے درمیان ہونے والے جنگ بندی معاہدے میں کی گئی توسیع آج صبح ختم ہوگئی اور اس کے بعد صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں اور توپخانے نے غزہ پٹی پر حملے ایک بار پھر شروع کردیئے۔ ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ غزہ کے شمال مغرب میں غاصب صیہونی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ ادھر فلسطینی ذرائع کے مطابق استقامتی محاذ کے مجاہدین غاصب صیہونی حکومت کے ٹینکوں کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔