غزہ کی جنگ کا خطرناک دن، جنگ کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو
غاصب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے غزہ جنگ میں اپنے فوجیوں کی ہلاکت میں اضافے کے پیش نظر کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ جنگ کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ میں جمعہ سے آج صبح تک 14 غاصب اسرائيلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد نیتن یاہو نے آج اتوار کی صبح مذکورہ بات کہی۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ غزہ کی جنگ میں ایک خطرناک دن کے بعد آج کی صبح بہت مشکل رہی۔
نیتن یاہو نے کہا کہ جنگ میں ہمیں بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے لیکن ہمارے پاس لڑنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔
غاصب اسرائیلی حکومت کے وزیراعظم نے غزہ میں سخت جنگ اور صیہونی فوجیوں کی ہلاکتوں میں اضافے کا اعتراف کیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اس وقت جب صیہونی حکومت کے اندرونی حلقوں میں وزیر اعظم نیتن یاہو سے اقتدار چھوڑنے کے مطالبات میں اضافہ ہو رہا ہے، نیتن یاہو نے گزشتہ 24 گھنٹے میں صیہونی فوج کے بھاری نقصان کا اعتراف کیا۔
دریں اثنا، غاصب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے باضابطہ طور پر اعتراف کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ساتھ کل اور آج ہونے والی لڑائی میں ہماری فوج کے 14 دیگر افسران اور اہلکار مارے گئے ہیں جس سے غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 485 ہوگئی ہے۔ صہیونی فوج نے اپنے 6 فوجیوں کے شدید زخمی ہونے کی بھی خبر دی ہے۔