اسرائیل کے خلاف مقدمہ چلانے کے لئے مصر میں دستخطی مہم
بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے مصر میں دستخطی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: افریقی ملک مصر میں سوشل میڈیا پر ایک بڑی مہم کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ مصری حکومت سے بین الاقوامی عدالت انصاف میں غاصب اسرائیلی حکومت کے خلاف شکایت درج کرنے کی درخواست کی جا سکے۔
العربی الجدید ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق مصر میں سوشل میڈیا پر ایک اہم اور بڑی مہم شروع کی گئی ہے جس میں صارفین سے کہا گیا ہے کہ وہ اس میں شامل ہوں اور مصری حکومت سے کہیں کہ وہ غاصب اسرائیل کے خلاف بین الاقوامی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کرنے کے سلسلے میں جنوبی افریقہ کا ساتھ دے۔
اس مہم کے متن میں کہا گیا ہے کہ "جنوبی افریقہ نے ہیگ کی عدالت میں جو شکایت کی تھی وہ صرف اس ملک تک محدود نہیں ہونی چاہیے اور یہ مصر کے لیے بھی ضروری ہے۔ اس میں شامل ہوں اور طاقت کے ساتھ سیاسی، سفارتی اور عدالتی طور پر اس کی حمایت کریں۔" مہم میں دستخط کرنے والوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی قوتیں بیک وقت غزہ اور سینا کا دفاع کر رہی ہیں اور مصری حکومت کو ان کے لیے تمام سیاسی اور سفارتی مدد فراہم کرنی چاہیے۔
اس دستخطی مہم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قاہرہ دیگر ممالک بالخصوص ناوابستہ تحریک کے رکن ممالک کی حوصلہ افزائی کرے کہ وہ جنوبی افریقہ کی جانب سے بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی حمایت کریں۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے ابھی حال ہی میں غزہ میں نسل کشی کے الزام کے تحت غاصب اسرائیلی حکومت کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔