یمن پر امریکا اور برطانیہ کے فضائی حملے (ویڈیو)
پریس ذرائع کے مطابق امریکہ اور برطانیہ نے شمالی اور مغربی یمن پر حملے کئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: شمالی یمن میں صعدہ کے علاقے طخیہ اور مغربی یمن کے صوبے الحدیدہ میں باجل پر امریکہ اور برطانیہ نے فضائی حملے کئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صعدہ اور الحدیدہ کی فضا میں امریکہ اور برطانیہ کے جنگی طیارے مسلسل پروازیں کر رہے ہیں۔ ان جنگی طیاروں نے جمعے کو مختلف علاقوں پر متعدد بار حملے کئے ہیں۔ ایک امریکی عہدیدار نے رائیٹرز سے گفتگو میں دعوی کیا ہے کہ یمن پر یہ فضائی حملے، بحری بیڑے اور آبدوزوں سے کئے گئے ہیں۔
برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے یمن پر جارحیت کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری فضائیہ ایسی تنصیبات کو نشانہ بنا رہی ہے جنھیں حوثیوں کی جانب سے فوجی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ امریکی صدر بائیڈن نے بھی یمن کے خلاف فوجی جارحیت کے بارے میں کہا ہے کہ امریکی اور برطانوی فوجیوں نے میرے حکم پر اور آسٹریلیا، بحرین، کینیڈا اور ہالینڈ کی حمایت سے یمن میں کئي اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔ پریس ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ نے یمنی حوثیوں کے زیر استعمال بارہ سے زائد مراکز کو نشانہ بنایا۔
سی این این نے بھی رپورٹ دی ہے کہ بحیرہ احمر میں حوثیوں کی جانب سے بحری جہازوں پر کئے جانے والے حملوں کی بنا پر یمن پر کئے جانے والے حملوں میں مختلف قسم کے میزائلوں کو بھی استعمال کیا گیا۔