Jan ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۴:۴۱ Asia/Tehran
  • یمنی فوج مضبوط ہے اور اسے امریکہ اور برطانیہ کا خوف نہیں ہے: محمد علی الحوثی

یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ یمنی فوج مضبوط ہے اور اسے امریکہ اور برطانیہ کا خوف نہیں ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین چینل کی رپورٹ کے مطابق یمن کی قومی نجات حکومت کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے یمن کے خلاف امریکہ اوربرطانیہ کے تازہ ترین حملوں کے ردعمل میں اس بات کو بیان کرتے ہوئے کہ امریکی حکام، اسرائیل کی تباہ کاریوں اور غارتگری کی حمایت کر رہے ہیں کہا کہ امریکیوں نے غزہ اور یمن کو تباہ کیا ہے اور ہم اپنے ملک پر حملے کو جارحیت قرار دیتے ہيں اور یہ ممکن نہيں ہےکہ ان جرائم کے مقابلے میں ہم خاموش بیٹھے رہيں۔

یمنی رہنما محمد علی الحوثی نے کہا کہ یمن کے خلاف امریکہ اور برطانیہ کے جرائم، غزہ میں ویرانی و تباہی جاری رہنے کے مقصد سے انجام پا رہے ہيں تاہم جارح قوتوں کے حملوں کے مقابلے کے لئے یمنی عوام کے عزم و ارادے روز بروز مزید مستحکم ہو رہے ہيں۔

انہوں نے امریکہ اور برطانیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وہ غزہ کے خلاف اپنے جرائم جاری رکھیں گے یمنی عوام کے جوابی حملے بھی جاری رہیں گے۔ یمن کی قومی نجات حکومت کے رکن نے کہا کہ ہمارا مقصد واضح ہے اور وہ غزہ کے خلاف جارحیت کا بند کرانا اور اس کا محاصرہ ختم کرانا ہے جبکہ مغربی ملکوں خاص طور پر امریکہ کا مقصد صیہونی حکومت کی حمایت اور اس کو تحفظ فراہم کرنا ہے جو غزہ کے بچوں اور عورتوں کا قتل عام کر ر ہی ہے۔

الحوثی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ جب تک امریکہ اور برطانیہ کے بحری جنگی جہاز یمن اورغزہ کے خلاف اپنے جارحانہ حملے جاری رکھیں گے، ہمارے حملے بھی ان کے خلاف جاری رہیں گے کہا کہ ہم اس وقت اپنے موقف کے تحت، انسانیت اور عالمی و عرب ضمیر کی بیداری، اسلامی و مذہبی جواز، اقدار اور اصولوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیں اپنے اس موقف کے لئے کسی انعام و اکرام کی توقع نہیں ہے۔

ٹیگس