غزہ پر صیہونی جارحیت میں مزید کئی نہتھے مظلوم فلسطینی شہید اور زخمی
فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غزہ پر صیہونی جارحیت میں مزید کئی نہتھے مظلوم فلسطینی عام شہری شہید اور زخمی ہو گئے ہیں جن میں پانچ چھوٹے بچے بھی شامل ہیں۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے آج غزہ کے جنوب میں رفح شہر کو بھی جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں متعدد فلسطینی شہید و زخمی ہو گئے۔ ان ذرائع کے مطابق امدادی کارکن ملبے تلے دبے لوگوں کو باہر نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے شہر رفح کے مغرب میں تل سلطان و السعودی کو بھی اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔ اس جارحیت میں کم سے کم چودہ فلسطینی شہید اور دسیوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔
ادھر غزہ کے وسط میں دیرالبلح میں ایک مکان پر حملے میں نافذ عبدالجواد نامی ایک فلسطینی نامہ نگار اپنے اکلوتے بیٹے سمیت شہید ہو گئے۔ فلسطین کی ہلال احمر سوسائیٹی نے بھی اس جارحیت میں دو فلسطینیوں کے شہید اور دس دیگر کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کے جنوب میں خان یونس کو بھی مسلسل جارحیت کا نشانہ بنایا۔