امریکہ اور برطانیہ پر ہوں گے بڑے حملے، یمن کی کھلی دھمکی
یمن نے امریکہ اور برطانیہ سے کہا ہے کہ مزید دردناک حملے کے لئے تیار رہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر دفاع میجر جنرل محمد ناصر العاطفی نے امریکہ اور برطانیہ کو بحری جنگ میں نئے اور زیادہ تکلیف دہ سرپرائزز کی بابت خبردار کیا ہے۔
فارس نیوز کے مطابق خلیج عدن میں MSC SKY نامی اسرائیلی بحری جہاز کو یمن کی مسلح افواج کی جانب سے اینٹی شپ میزائلوں سے نشانہ بنائے جانے کے چند گھنٹے بعد یمن کے وزیر دفاع نے امریکہ اور برطانیہ کو سخت انتباہی پیغام بھیجا ہے۔
المیادین چینل کے مطابق، یمن کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اگلا مرحلہ وسیع تر حالات کے لیے کھلا ہے اور یمن کی مسلح افواج کے پاس بہت سے کارڈز ہیں جو انھوں نے ابھی تک استعمال نہیں کئے ہیں۔
یمن کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ اور برطانیہ کو خبردار کرتے ہیں کہ جو آنے والا ہے وہ زیادہ تکلیف دہ اور بحری محاذ آرائی میں تمام توقعات سے بالاتر ہو گا۔
میجر جنرل العاطفی نے اس سے قبل یہ بھی کہا تھا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو اس نئے مساوات کو قبول کرنا چاہیے جو ان کے علاقائی پانیوں اور بر اعظمی شیلف پر ملکوں کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کو یقینی بناتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کو یہ جان لینا چاہئے کہ سمندروں پر ان کے تسلط کا دور ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک غزہ میں جنگ جاری رہے گی، اسرائیلی حکومت کے جہازوں پر حملے جاری رہیں گے۔