Mar ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۱ Asia/Tehran
  • غزہ پراسرائیلی بحریہ اور فضائیہ کا شدید حملہ، ہولناک مناظر ہر طرف لاشیں ہی لاشیں

غزہ پرغاصب صیہونی فوج کے فضائی حملوں اور گولہ باریوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی ذرائع سے موصولہ رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے سنیچر کو مرکزی اور جنوبی غزہ پر بمباری کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونی جنگی طیاروں نے سنیچر کی صبح رفح کی ایک رہائشی عمارت پر بمباری کردی جس میں پانچ فلسطینی بچے شہید اور سات افراد زخمی ہوگئے۔ اس وحشیانہ بمباری سے پہلے خبررساں ذرائع نے رفح پر صیہونی ڈرون طیاروں کی پرواز کی خبر دی تھی۔

غاصب صہیونی حکومت کے جنگی طیاروں نے اسی طرح مرکزی غزہ کے شہر دیر البلح پر بھی بمباری کی ہے جس میں متعدد فلسطینیوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر ہے۔

صیہونی حکومت نے اسی کے ساتھ دیر البلح کے مشرق میں واقع علاقوں اور القرارہ پر گولہ باری بھی کی ہے ۔ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی حکومت نے جنگی کشتیوں سے رفح کے مشرقی علاقوں پر بھی گولہ باری کی ہے۔

غزہ کے بعض دیگر علاقوں پر بھی صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں کی خبر ہے۔ ان حملوں میں ممکنہ طور پر ہونے والے جانی نقصانات کی تفصیلات معلوم نہیں ہوسکی ہیں ۔ اسی کے ساتھ غزہ کے الشفا اسپتال پر بھی صیہونی فوجیوں کےحملے جاری رہنے کی خبر ہے۔

اس دوران غزہ میں فلسطین انفارمیشن سینٹر کے ڈائریکٹر سلامہ معروف نے بتایا ہے کہ الشفا اسپتال پر صیہونیوں کے تازہ حملے میں سو سے زائد افراد شہید ہوئے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ صیہونی فوجیوں کے حملوں میں اسپتال کے طبی عملے کے بہت سے افراد بھی شہید ہوئے ہیں۔

فلسطین انفارمیشن سینٹر کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ صیہونی فوجی طبی عملے کو مریضوں کی دیکھ بھال سے بھی روک رہے ہیں جس کے نتیجے میں کم سے کم چار زیر علاج مریض شہید ہوگئے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ الشفا اسپتال میں حالات بہت المناک ہیں ۔

ٹیگس