سلامتی کونسل میں فوری غزہ جنگ بندی کی قرارداد منظور
فلسطینیوں کے خلاف کئی ماہ کی صیہونی بربریت کے بعد فوری غزہ جنگ بندی کی قرارداد بالآخر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں منظور ہوگئی۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: ارنا کے مطابق آج (پیر کے روز) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل ارکان کی طرف سے غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے پیش کی گئی قرارداد منظور ہوگئی۔ 15 میں سے 14 ووٹ اس قرارداد کے حق میں ڈالے گئے، کوئی بھی ووٹ قرار داد کی مخالفت میں نہیں تھا، امریکہ نے کئی بار کی طرح اس بار قرارداد کو ویٹو نہیں کیا بلکہ ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ اس طرح غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد پاس ہوگئی۔
تمام صیہونی قیدیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی اور غزہ کی پٹی تک انسان دوستانہ رسائی کی ضمانت اس قرارداد میں شامل ہیں۔
دریں اثنا اقوام متحدہ میں موزمبیق کے سفیر پیدرو کومیساریو افونسو نے دیگر ممالک کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد پیش کی اور کہا کہ سلامتی کونسل کے ارکان کی کوششوں اور اس قرارداد کے بارے میں ان کی رائے کا ہم شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی صورت حال پوری عالمی برادری کے لیے تشویشناک ہے۔ درحقیقت غزہ کی پٹی میں جھڑپوں میں شدت اور اس کے تباہ کن نتائج بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے واضح خطرہ ہیں۔