صدر شہید رئیسی کی تعزیت کیلئے عراقی صدر تہران پہنچ گئے
عراق کے صدر عبداللطیف رشید ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت میں ہفتے کے روز صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ہمراہ وفد کی شہادت پر تعزیت کے لیے تہران پہنچے۔
سحر نیوز/ ایران: مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی صدر عبداللطیف رشید اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ہمراہ وفد کی شہادت پر تعزیت کے لیے تہران پہنچ گئے ہیں۔
عراق کے صدر سمیت کئی سابق وزرائے اعظم اور کئی سیاسی جماعتوں کے سربراہان ہفتے کے روز تہران میں صدر رئیسی کی شہادت پر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے تعزیت کریں گے۔
اس سے قبل اسلامی جمہوریہ ایران کے شہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئيسی اور ان کے ہمراہ درجہ شہادت پر فائز ہونے والی دیگر اہم شخصیات کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے تہران کا دورہ کیا تھا اور رہبر انقلاب اسلامی کے ساتھ ملاقات میں عراق کی حکومت اور قوم کی جانب سے رہبر انقلاب اسلامی کو تعزیت پیش کی۔
انہوں نے اس ملاقات میں کہا کہ ایران کے شہید صدر جناب رئیسی سے جو کچھ ہم نے دیکھا وہ ایمانداری، خلوص، پاکیزگی، محنت و کوشش اور عوام کی خدمت کے سوا کچھ نہیں تھا۔
اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے تعزیت کے لیے عراقی وزیر اعظم کے دورہ تہران کی قدردانی کرتے ہوئے فرمایا کہ ہم ایک ممتاز شخصیت سے محروم ہو گئے ہیں ، صدر رئیسی بہت اچھے برادر اور ایک مستعد، قابل، مخلص، سنجیدہ اور ذمہ دار عہدیدار تھے۔