اسرائیل بے لگام، غزہ اور رفح خاک و خون میں
غزہ پٹی کے مختلف علاقوں پر ہونے والے حملوں کے نتیجے میں فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی کے شہداء کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے غزہ کے البریج کیمپ کے ایک گھر پر صیہونی فوج کی بمباری میں اپنے ایک اور کارکن کی شہادت کی خبر دی ہے۔ فلسطینی ہلال احمر کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس کے شہداء کی تعداد تیس ہوگئی ہے جن میں سترہ افراد آن ڈیوٹی شہید ہوئے ہيں ۔
اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کی توپوں نے البریج اور المغازی کے مشرقی علاقوں پر سخت گولہ باری کی ہے، مرکزی اور مغربی رفح کے کچھ مکانوں پر صیہونی حکومت کی فضائیہ کی بمباری جاری ہے جبکہ شہر رفح کے مغربی علاقے میں واقع رہائشی کمپلکس تباہ ہوگئے ہیں ۔
فلسطینی ذرائع نے شمال مغربی النصیرات اور شمالی غزہ کے جبالیا کیمپ پر بھی حملوں کی خبر دی ہے، الجزیرہ ٹی وی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت کے توپوں نے شہر غزہ کے مشرق میں واقع الشجاعیہ علاقے پر گولہ باری کی ہے۔
شمالی شہر غزہ کے شیخ رضوان محلے میں ایک گھر پر ہونے والی بمباری میں بھی کئی فلسطینی شہید اور بعض زخمی ہوئے ہيں ، فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی خان یونس کے معن علاقے میں ایک گھر پر ہونے والی بمباری میں بھی تین افراد شہید ہوئے ہيں جن میں دو بچے ہيں ۔
غاصب صیہونی حکومت رفح میں معاصر تاریخی کا بد ترین المیہ رقم کر رہی ہے اور اس کی وحشیانہ جارحیت اور درندگی سے غزہ کا کوئی بھی علاقہ محفوظ نہیں بچا ہے.