May ۳۱, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۳ Asia/Tehran
  • اگر پوری دنیا بھی صنعا پر حملہ کر دے تب بھی غزہ کا ساتھ ہرگز نہیں چھوڑیں گے: یمن

یمن نے امریکہ اور برطانیہ کے حملوں اور دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کسی بھی قیمت پر غزہ کا ساتھ نہیں چھوڑے گا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  انصاراللہ کے شعبہ اطلاعات کے نائب سربراہ نصرالدین عامر نے کہا ہے کہ ہماری اور غزہ اور فلسطین کی کامیابی یقینی ہے اور یہ اللہ کا وعدہ ہے۔ اس سےقبل یمن کی اعلی کونسل کے ایک سینیئر رکن علی القحوم نے خبردار کیا تھا کہ اگر امریکہ جنگ کا دائرہ پھیلانا نہیں چاہتا تو اسے غزہ پر جارحیت اور اس کا محاصرہ ختم کرنا ہوگا ، ورنہ نہ صرف یمن کے حملے جاری رہیں گے بلکہ ان حملوں کی شدت اور وسعت میں بھی اضافہ ہوگا۔

علی القحوم نے زور دیکر کہا کہ اگر امریکہ اور برطانیہ نے یمن پر جارحیت کی کوشش کی تو صنعا کا جواب بڑا دردناک ہوگا۔علی القحوم نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ کو اب تک یمن کی طاقت کا اندازہ ہوجانا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے بیلسٹک میزائل اب زمین، آسمان اور سمندروں میں بھی صیہونی اہداف کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

یمن کا یہ موقف صنعا اور یمن کے صوبہ الحدیدہ پر امریکی اور برطانوی اتحاد کی جارحیت کے کچھ دیر بعد سامنے آیا ہے۔اس حملے میں یمن کے ساحلی شہر الحوک کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ امریکہ اور برطانیہ نے گزشتہ مہینوں کے دوران یمن کو متعدد بار حملوں کا نشانہ بنایا جس کا مقصد ان کے بقول یمن کا مقبوضہ سرزمینوں کی جانب جانے والے جہازوں پر پابندی کو توڑنا ہے۔ یمن کی مسلح افواج نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ جب تک غزہ پر صیہونیوں کے حملے جاری رہیں گے، اس وقت تک ان تمام جہازوں پر حملہ جاری رہے گا جو مقبوضہ سرزمینوں کی جانب جا رہے ہوں۔

ٹیگس