Jul ۱۵, ۲۰۲۴ ۱۹:۴۳ Asia/Tehran
  • حزب اللہ کا دہشتگرد اسرائیل کے ٹھکانوں پر تابڑ توڑ حملہ، عراق کے اسلامی مزاحمت کاروں نے بھی کیا کمال

حزب اللہ لبنان نے فلسطین اور خاص کر غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے کئی اہم فوجی اہداف پر پیر کے دن کئی بار حملے کئے۔ اس دوران عراق کی اسلامی مزاحمت نے بھی غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جاری جرائم کے جواب میں ایلات اور حیفہ کے مقبوضہ شہروں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ پیر کے دن اس نے صیہونی فوج کی الگ الگ چھاؤنیوں اور دہشتگرد صیہونی فوجیوں کے جمع ہونے کے مراکز کو میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔  حزب اللہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں صیہونی فوجی مرکز کا رڈار سینٹر تباہ ہوگیا۔ در ایں اثنا عراق کی اسلامی مزاحمت نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ انہوں نے ایلات کی مقبوضہ بندرگاہ اور حیفا کی مقبوضہ بندرگاہ کو ڈرون اور میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں ڈرون کے علاوہ جدید کروز میزائل "الارقب" کا استعمال کیا گیا ہے۔

وہیں حزب اللہ لبنان نے بھی غاصب صیہونی حکومت کے الراہب نامی  فوجی مرکز کو بھی گائیڈیڈ میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔ حزب اللہ نے بتایا ہے کہ ان حملوں میں مطلوبہ اہداف کو نشانہ بنایا گیا اور غاصب صیہونی فوج کو بھاری نقصان پنہچایا گیا۔

یاد رہے کہ سات اکتوبر 2023 کے آپریشن طوفان الاقصی میں اپنی ناقابل تلافی شکست کا بدلہ فلسطینی عوام سے لینے کے لئے غاصب صیہونی حکومت نے جب غزہ پر وحشیانہ حملے شروع کئے تو حزب اللہ نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے اہم فوجی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ شروع کردیا۔

اب تک حزب اللہ لبنان کے مجاہدین کے میزائل اور ڈرون حملوں میں صیہونی فوج کو سنگین جانی اور مالی نقصانات پہنچ چکے ہیں۔ حزب اللہ لبنان کے ان حملوں کے  نتیجے میں شمالی مقبوضہ فلسطین میں درجنوں غیر قانونی صیہونی کالونیاں خالی ہوچکی ہیں اور صیہونی حکومت کے متعدد سینیئر فوجی کمانڈر شمالی محاذ پر حزب اللہ کی برتری کا بارہا اعتراف کرچکے ہیں۔

 

ٹیگس