مصری نوجوانوں کی صیہونیت مخالف کارروائی، کئی صیہونی فوجی ہلاک و زخمی
مقبوضہ فلسطین سے ملحق سرحدی علاقے میں دو مصری نوجوانوں کی صیہونیت مخالف کارروائی میں کئی صیہونی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہيں۔
سحر نیوز/عالم اسلام: پارس ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق صیہونی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ مصر سے ملحق سرحدی علاقے میں ایک گاڑی نے کچھ صیہونی فوجیوں کو کچل دیا اور پھر موقع سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئی ۔
اتوار کو بھی اردن کے ایک ٹرک ڈرائیور نے مقبوضہ فلسطین اور اردن کی سرحدی گزرگاہ الکرامہ میں گھس کر نہایت قریب سے صیہونیوں کی جانب فائر کھول دیا تھا۔ اس استقامتی کارروائی میں تین صیہونی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ استقامتی کارروائی انجام دینے والا اردنی ڈرائیور صیہونی فوجیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہوگيا تھا۔
واللا عبری ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سات اکتوبر 2023 ميں جب سے غزہ جنگ شروع ہوئی ہے اس وقت سے اب تک کم سے کم چار ہزار نو سو تہتر صیہونیت مخالف استقامتی کارروائیاں انجام پا چکی ہیں اور ان کارروائیوں میں بارہ صیہونی فوجیوں اور تین پولیس اہلکاروں سمیت اڑتیس صیہونی ہلاک ہوچکے ہيں جبکہ دو سو پچاسی صیہونی زخمی ہوئے ہيں ۔
مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں پر صیہونیت مخالف کارروائیوں سے پتہ چلتا ہے کہ غزہ اورغرب اردن میں صیہونی حکومت کے جرائم کا جواب ضرور دیا جائے گا وہ بھی ایسی حالت ميں کہ جب پوری دنیا اور عالم عرب میں فلسطینیوں کی حمایت اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی میں پرزور مظاہرے بھی ہو رہے ہيں ۔