Sep ۱۷, ۲۰۲۴ ۲۰:۲۱ Asia/Tehran
  • لبنان میں دھماکے، 9 افراد شہید 2 ہزار800 زخمی، 200 کی حالت تشویشناک

بیروت سمیت لبنان کے مختلف علاقوں میں پیجرڈیوائسز میں دھماکوں کے نتیجے میں 3 ہزار کے قریب افراد شہید و زخمی ہو گئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام :غاصب اسرائیل نے حزب اللہ کے کمیونی کیشن سسٹم کو ہیک کرلیا، جس کے باعث حزب اللہ کے زیر استعمال پیجر ڈیوائسز کی بیٹریاں پھٹ گئیں، جنوبی بیروت کے علاقے ضاحیه سمیت لبنان کے متعدد علاقوں میں دھماکے ہوئے، پیجر ڈیوائسز پھٹنے سے ایرانی سفیر اور عام شہریوں سمیت حزب اللہ کے سینکڑوں ارکان شہید و زخمی ہوگئے۔

اسرائیل نے لبنان میں حزب اللّٰہ کے خلاف حملوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔ لبنان کے مخلتف علاقوں میں حزب اللّٰہ کے ارکان کے زیر استعمال پیجرز میں ایک ساتھ دھماکے کیے گئے ہیں جس میں حزب اللّٰہ کے سینکڑوں ارکان شہید و زخمی ہوئے۔

لبنان کے وزیر صحت فراس الأبیض نے کہا ہے کہ اس ملک کے مختلف علاقوں میں پیجرز میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں اب تک ایک بچی سمیت 9 افراد شہید اور تقریبا 2 ہزار 800 افراد زخمی ہوئے کہ جن میں سے 200 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں کا لبنان کے تقریبا ایک سو ہسپتالوں میں علاج معالجہ کیا جا رہا ہے۔

لبنان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر مجتبی امانی بھی ان دھماکوں کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔

ایرانی سفیر کی اہلیہ نرگس قدیانی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر مجتبی امانی کو معمولی چوٹیں آئیں اور خدا کے فضل و کرم سے ان کی حالت بہتر ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزی راعظم کے مشیر نے لبنان میں ہونے والے پیجرڈیوائسز دھماکوں میں اسرائیل کے ملوث ہونے کا اشارہ دیا ہے۔

حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غاصب اسرائیل سے اس قسم کی جارحیت کا بدلہ ضرور لیا جائیگا۔

ٹیگس