اسرائیل کے سامنے جنگ بندی کے سوا کوئی راستہ نہیں: حماس
فلسطین کی تحریک مزاحمت حماس کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے پاس دوسرے مرحلے کے جنگ بندی معاہدے پر مذاکرات کے سوا اور کوئی آپشن نہیں ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حماس نے بدھ اور جمعے رات کی درمیانی شب قیدیوں کے تبادلے کا ساتواں مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ایک بیان جاری کیا جس میں یہ بات زور دے کر کہی گئی ہے کہ صیہونی حکومت کے پاس دوسرے مرحلے کی جنگ بندی معاہدے پر مذاکرات کے سوا اور کوئی چارہ نہیں ہے۔

حماس کے بیان میں آیا ہے کہ ہم نے صیہونی دشمن پر بہانے بازیوں اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے لئے جھوٹے جواز تراشنے کے سارے دروازے بند کر دئے ہیں اور اب اس کے سامنے دوسرے مرحلے کے جنگ بندی معاہدے پر مذاکرات کے علاوہ اور کوئی راستہ رہ نہیں گیا ہے۔ تحریک حماس نے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عملدرآمد کے اپنے موقف کا اعادہ کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اور تحریک حماس کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی میعاد انتیس فروری یعنی ہفتے کے روز ختم ہو جائے گا۔ طے پایا تھا کہ فریقین تین مرحلے میں انجام پانے والے جنگ بندی معاہدے کے حوالے سے مذاکرات کر کے کسی نتیجے تک پہنچیں گے مگر غاصب صیہونی فریق اس سلسلے میں ٹال مٹول کر رہا ہے۔