Mar ۲۱, ۲۰۲۵ ۱۶:۵۰ Asia/Tehran
  • غزہ کے خلاف صیہونی جارحیت مسلسل جاری ہے

اسرائیلی فوج غزہ کے مختلف علاقوں میں اپنے فضائی حملے اور زمینی حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں اور توپ خانے نے جمعہ کے روز بھی جنوبی غزہ میں واقع رفح کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے بھی غزہ سٹی اور رفح پر جارحانہ حملے کیے ہیں۔ جن کے نتیجے میں پچاس سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔ فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی جارحیت میں پچھلے چوبیس گھنٹے میں تقریبا ڈیڑھ سو فلسطینی شہید ہوچکے ہيں۔

دوسری جانب مغربی رفح میں واقع تل السلطان محلے میں اسرائیلی گاڑیاں داخل ہوئی ہیں۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے شمالی غزہ میں واقع بیت لاہیا پر حملے کیے ہیں-غزہ پٹی پر اسرائیلی حکومت کے حملے ایسے میں جاری ہیں کہ جب یہ خطہ قحط کے پہلے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اس وقت بیس لاکھ فلسطینی خوراک سے محروم ہیں- غزہ میں اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) کے ترجمان نے الجزیرہ کو بتایا کہ غزہ پر حالیہ حملوں میں دوسو سے زائد بچے شہید ہو چکے ہیں اور یہ تعداد ہولناک ہے- انتہائی سخت موسمی حالات کی وجہ سے ہزاروں باشندے ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں جانے پر مجبور ہیں۔ ہزاروں بچے شدید زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ پٹی کے ہسپتال مسلسل بمباری کی وجہ سے اپنی خدمات فراہم کرنے کے قابل نہیں ہیں۔

Image Caption

غزہ پٹی کے رہائشیوں بالخصوص بچوں کے لیے خوراک کی بندش کے سبب ناگفتہ بہ حالات ہوتے جا رہے ہيں - بنیادی سامان کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں اور غزہ پٹی کے زیادہ تر رہائشی انہیں خریدنے پر قادر نہیں ہیں۔ اہم طبی آلات کی کمی کے باعث کئی بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔غزہ میں فلسطین کے انفارمیشن آفس نے اعلان کیا ہے غزہ کے مختلف علاقوں پر جمعرات کے روز صیہونی حکومت کے زمینی اور ہوائی حملوں میں ایک سو دس افراد شہید ہوئے اور گزشتہ بہتر گھنٹوں کے دوران صیہونی حکومت کی جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد چھ سو کے قریب اور زخمیوں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے- غزہ میں انفارمیشن آفس نے شہداء کی لاشوں کو تلاش کرنے اور ملبے سے نکالنے کے لیے کافی سہولیات نہ ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملبے تلے دبے ہوئے افراد کی صحیح تعداد ابھی تک معلوم نہيں ہے-

 

ٹیگس