Apr ۰۴, ۲۰۲۵ ۱۷:۱۱ Asia/Tehran
  • صہیونی حکومت کے حالیہ حملے کو اس ملک کی قومی خودمختاری اور قرارداد نمبر سترہ سو ایک کی واضح خلاف ورزی: لبنانی وزیر اعظم

لبنان کے وزیر اعظم نے جنوبی لبنان کےصیدا شہر پر صہیونی حکومت کے حالیہ حملے کو اس ملک کی قومی خودمختاری اور قرارداد نمبر سترہ سو ایک کی واضح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: العہد نیوز ایجنسی کے مطابق لبنانی وزیر اعظم نواف سلام نے آج صبح صیدا شہر پر اسرائیلی حکومت کے حملے کے بعد ایک بیان جاری کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ لبنانی سرزمین کے کسی بھی علاقے کو نشانہ بنانا قومی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے۔ لبنانی وزیر اعظم کے پریس آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک بار پھر قابض حکومت نے رات گئے شہریوں کی سلامتی کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نےعالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلسل جارحیت بالخصوص عام شہریوں پر حملے بند کرنے کے لیے صیہونی حکومت پر اعلیٰ ترین سطح پر دباؤ ڈالے۔

لبنانی وزیر اعظم نے ایک بار پھر لبنان میں فوجی کارروائیوں کے مکمل خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسے علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے کی فوری ضرورت قرار دیا۔ یاد رہے صیہونی حکومت نے جنوبی لبنان کے شہر صیدا میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر فضائی حملہ کیا ہے جس میں حماس کے رہنما حسن فرحت اور دو دیگر افراد شہید ہوگئے ہیں۔

 

ٹیگس