یمنی مجاہدوں نے پھر کیا کمال، بن گورین ائیرپورٹ پر کیا حملہ
یمنی فوج کے دوبارہ حملے کی وجہ سے تل ابیب کے بن گورین بین الاقوامی ائیرپورٹ پر تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کردی گئیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غیر ملکی میڈیا ذرائع کے مطابق، غزہ پر صہیونی جارحیت کے جواب میں اسرائیل پر یمنی فوج کے حملے جاری ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یمن سے ایک بار پھر مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر میزائل حملہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں اسرائیل کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے بن گورین پر تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کردی گئی ہیں۔
اسرائیلی ریسکیو سروس نے اطلاع دی ہے کہ حملے کے دوران جب شہری پناہ گاہ کی طرف جارہے تھے تو ایک صہیونی زخمی ہوگیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یمن سے ایک میزائل فائر کیا گیا جسے اسرائیل کی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں روکنے کی کوشش کی۔ اس حملے کے بعد مقبوضہ علاقوں کے وسطی حصوں میں خطرے کے سائرن بجادیے گئے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے یمنی میزائل کو کامیابی کے ساتھ فضا میں تباہ کردیا۔ اسرائیلی نیٹ ورک 12 نے بھی اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حیتس دفاعی نظام نے میزائل کو کامیابی سے مار گرایا۔