Oct ۲۴, ۲۰۲۵ ۱۳:۱۵ Asia/Tehran
  • لبنان، ایران کے ساتھ بہترین تعلقات کو اہمیت دیتا ہے: لبنانی وزیرِاعظم نواف سلام

لبنان کے وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ بہترین تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ یہ بات انھوں نے ایک انٹرویو میں کہی۔

سحرنیوز/عالم اسلام: بیروت سے موصولہ ارنا کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے وزیرِاعظم نواف سلام نے المیادین ٹی وی چینل کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ لبنان ایران کے ساتھ بہترین تعلقات کو اہمیت دیتا ہے  اور یہ تعلقات باہمی احترام کی بنیاد پر ہونے چاہییں۔

رپورٹ کے مطابق نواف سلام نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ حزب اللہ اور قومی مزاحمت کی قربانیوں کے بغیر جنوبی لبنان آزاد نہیں ہوسکتا تھا اور یہ کہ ہم عرب امن منصوبے کے پابند ہیں، جو 2002 میں بیروت سربراہی اجلاس میں منظور کیا گیا تھا۔

لبنان  کے وزیراعظم نے اسرائیل کے ساتھ لبنان کے تعلقات معمول پر لانے کے بارے میں کہا کہ  اگر عرب امن منصوبہ نافذ کیا جائے، اسرائیل 1967 کی سرحدوں سے پیچھے ہٹ جائے  اور فلسطین کو ایک آزاد ملک کے طور پر تسلیم کیا جائے، تو ہر مسئلہ اپنی جگہ پر الگ بحث کا متقاضی ہوگا۔

لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے کہا کہ  آج دنیا میں ایک بڑی تبدیلی رونما ہو رہی ہے، ان ممالک کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جو فلسطین کو تسلیم کر رہے ہیں اور عالمی رائے عامہ میں آنے والی تبدیلی۔

انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران غاصب صیہونی حکومت کے لبنان پر جاری حملوں اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا  کہ ہم اسرائیلی جارحیت کو روکنے، اسرائیل کے مکمل انخلا اور اپنے قیدیوں کی آزادی کے لئےکوششیں جاری رکھیں گے۔

 

ٹیگس